اسلام آباد ہائیکورٹ کے  ریمارکس سے تکلیف ہوئی، اعظم نذیر تارڑ

06:26 PM, 20 May, 2024

(ویب ڈیسک ) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا  ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے  ریمارکس سے تکلیف ہوئی۔جیسے ریمارکس دیئے گئے یہ عدالت کا مینڈیٹ نہیں۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے  پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک دکھ کی خبر ہمسایہ ملک ایران سے موصول ہوئی، ہیلی کاپٹر حادثہ پر پوری قوم رنجیدہ ہے ، پوری پاکستانی قوم تکلیف کے اس وقت میں ایران کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیراعظم آج ایرانی سفارتخانہ میں بھی تشریف لے جا رہے ہیں۔  ایرانی صدر کے حالیہ دورے میں تعاون سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سے متعلق بل کےلئے وزیراعظم نے کابینہ کی منظوری سے رانا ثنااللہ کی سربراہی میں کمیٹی بنادی ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا پر دنیا کے کئی ممالک میں قانون سازی ہو چکی ہے۔ سوشل میڈیا کے بہت سے استعمال ہیں جن کا طریقہ کار ہونا چاہیے ، تنقید کرنے والے ایک دفعہ پورا قانون پڑھیں، کوشش کی گئی ہے کوئی ذیادتی نہ ہو ۔

وزیر قانون نے کہا کہ   لاپتہ افراد کے ایشو پر بھی کل سے  بات ہو رہی ہے، لاپتہ افراد کے معاملے پر کچھ کام رہتا تھا کہ سابق حکومت کا دور ختم ہو گیا ۔ پچھلے چار دہائیوں سے پاکستان کو لاپتہ افراد کا ایشو درپیش ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ  آج اسلام آباد ہائیکورٹ کے کچھ ریمارکس سامنے آئے ان سے تکلیف ہوئی۔جیسے ریمارکس دیئے گئے یہ عدالت کا مینڈیٹ نہیں۔آئین میں اداروں کے اختیارات کی حدود متعین ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان اپنی حدود میں رہ کر ہی کام کرتی ہیں۔ منصف تحمل مزاج ہوتا ہے قلم کی طاقت سے فیصلہ کرتا ہے۔

مزیدخبریں