’پاکستان اور برطانیہ کی عدالتوں کے فیصلے آپ کے منہ پہ زور دار طمانچے ہیں‘
02:30 PM, 20 Nov, 2021
لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب تین سال نیب نیب اور اب ایف آئی اے، ایف آئی اے۔ تین سال سے نواز شریف شہباز شریف، نواز شریف شہباز شریف جاری ہے۔ ایف آئی اے کے حوالے سے خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب اِس ملک کے 22 کروڑ عوام کا سوچیں جو آپ کی نا اہلی، نالائقی، جھوٹ اور کرپشن کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ پاکستان اور برطانیہ کی عدالتوں میں نوازشریف اور شہباز شریف کے خلاف ایک الزام کا ثبوت پیش نہیں کر سکے، شرم کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی عدالتوں کے فیصلے آپ کے منہ پہ طمانچہ نہیں، زور دار طمانچے ہیں۔ تین سال نیب کو استعمال کیا اور اب بچے کچھے دن عوام کی بھوک افلاس ، مہنگائی بے روزگاری اور معاشی تباہی ایف آئی اے کی نذر ہو رہی ہے۔ نیب نے تین سال ایک ثبوت پیش نہیں کیا اور اب ایف آئی اے سے وہی تماشہ پھر کرایا جا رہا ہے۔ نیب اور ایف آئی اے کے بیانات اور جھوٹے الزامات سے عوام کو سستا آٹا چینی بجلی گیس دوائی نہیں ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب عوام نے تین سال نیب نیازی گٹھ جوڑ کا بہت تماشہ دیکھ لیا، عوام کابھی سوچیں ان پر بھی ترس کھائیں۔ آپ نے شہباز شریف کے خلاف جو کرنا ہے کریں لیکن نالائقوں کا ٹولہ عوام کو گیس اور بجلی تو فراہم کرے۔ عوام کو سستا آٹا اور چینی دیں۔ عوام کو ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر دیں، عوام کی بھوک اور افلاس کم کریں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اتنا خیال عوام کا کیا ہوتا، آٹا چینی بجلی گیس دوائی کا سوچا ہوتا، تو آج عوام مہنگائی کی چکی میں یوں نہ پس رہے ہوتے۔ اتنا عوام کی ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھروں کا سوچتے تو آج عوام تاریخی بے روزگاری کا شکار نہ ہوتے۔