سیلاب پرسیاست سے پرہیز کرنا چاہیے، وزیرِ اعظم شہباز شریف
07:02 AM, 20 Oct, 2022
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد میں کوئی سیاست نہیں کی جا رہی ہے، بلا امتیاز مدد کر رہے ہیں، ہمیں سیاست سے پرہیز کرنا چاہیے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کو آرڈینیشن سینٹر کے جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین میں 68 ارب روپے تقسیم ہوچکے ہیں۔ سندھ، بلوچستان اورخیبرپختونخوا کے تمام متاثرہ خاندانوں کورقم پہنچے گی۔ انہوں نے بتایا کہ این ڈی ایم اے نے وفاقی حکومت کے 88 کروڑ روپے سیلاب متاثرین میں تقسیم کیے، این ڈی ایم اے نے پانی،خوارک اورمچھردانیاں بھی متاثرین میں تقسیم کی ہیں اور امداد چاروں صوبوں کے متاثرین میں تقسیم کی گئی ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک سے آنے والی امداد این ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کی گئی ہے۔ چین موسم سرما کے لیے معیاری خیمےبھیج رہا ہے،امید ہے کہ وہ بھی جلد تقسیم کریں گے، 70 ارب روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے تقسیم ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے ساتھ مل کرمنصوبہ تیار کیا ہے۔ ففٹی ففٹی کی بنیاد پربیچ پرکام کیا جائےگا، سندھ نے کام کیا،بلوچستان نے بھی خود منصوبہ ترتیب دیا ہے، ہم سب کا سانجھا ملک ہے،وفاق ان اکائیوں سےبنتا ہے۔ سیلاب پرکوئی سیاست نہیں،متاثرین کےلیے ہم سب کام کررہے ہیں۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ سیلاب کے بعد خدشہ ہے کہ گندم کی پیداوار طلب سے کم ہو سکتی ہے مگر گندم کی طلب کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے اچھی کوالٹی کا بیج پروکیور کر رہا ہے، آئندہ فصل کے لیے کسانوں کو اعلیٰ معیار کا بیج دیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا اور پنجاب نے ہماری درخواست کے باوجود کہا ہے کہ ہمیں بیج نہیں چاہیے، انہوں نے کہا کہ فورم کےذریعےسب کچھ کیا جا رہا ہے،قبول کریں،یہ مت کہیں کہ وفاق کچھ نہیں کررہا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ابھی بھی متاثرہ علاقوں میں سیلاب کا پانی کھڑا ہے، جس سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔