پی ٹی آئی کے مزید 25 اراکین اسمبلی کے استعفی منظور کرنے پر غور

10:39 AM, 20 Oct, 2022

احمد علی
اسلام آباد: پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے مزید 25 اراکین قومی اسمبلی کے استعفی منظور کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق شعبہ قانون سازی سے فہرست مانگی گئی جو سپیکر کو بھجوا دی گئی ہے،سپیکر راجہ پرویز اشرف کو بھیجی گئی فہرست میں زیادہ تر اراکین کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نام بھی فہرست میں شامل ہے تاہم استعفوں کی منظوری سے متعلق حتمی فیصلہ اتحادی جماعتیں کریں گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف پر دباو بڑھانے کے لیے استعفی منظور کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ 29 جولائی کو قومی اسمبلی کے سپیکر راجا پرویز اشرف نے سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 11 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔ 16 اکتوبر کو قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کے 11 حلقوں میں ہونیوالے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 6 سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہو گئی، پیپلز پارٹی کے حصے میں دو نشستیں آئیں۔ پنجاب اسمبلی کے تین حلقوں میں سے دو حلقے پی ٹی آئی کے نام رہے جبکہ ن لیگ صرف ایک صوبائی سیٹ جیت سکی۔ یاد رہے کہ اپریل میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین نے مشترکہ طور پر قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسمبلی سے بڑے پیمانے پر مستعفی ہونے کے فیصلے کا اعلان پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے 11 اپریل کو وزیر اعظم شہباز شریف کے انتخاب سے چند منٹ قبل اسمبلی کے فلور پر کیا تھا۔
مزیدخبریں