توشہ خانہ کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا، الیکشن کمیشن
02:11 PM, 20 Oct, 2022
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی ) نے کل توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کل توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنائے گا، الیکشن کمیشن فیصلہ کل2 بجے سنائے گا۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیے ہیں ۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 19 ستمبر کو توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ واضح رہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس میں 7 ستمبر کو الیکشن کمیشن میں اپنا تحریری جواب جمع کرایا تھا. جواب میںکہا گیا تھا کہ یکم اگست 2018 سے 31 دسمبر 2021 کے دوران وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کو 58 تحائف دیے گئے۔ یہ تحائف زیادہ تر پھولوں کے گلدان، میز پوش، آرائشی سامان، دیوار کی آرائش کا سامان، چھوٹے قالین، بٹوے، پرفیوم، تسبیح، خطاطی، فریم، پیپر ویٹ اور پین ہولڈرز پر مشتمل تھے البتہ ان میں گھڑی، قلم، کفلنگز، انگوٹھی، بریسلیٹ/لاکٹس بھی شامل تھے۔ بتایا گیا کہ ان سب تحائف میں صرف 14 چیزیں ایسی تھیں جن کی مالیت 30 ہزار روپے سے زائد تھی جسے انہوں نے باقاعدہ طریقہ کار کے تحت رقم کی ادائیگی کر کے خریدا۔ عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میںاعتراف کیا گیا تھا کہ انہوں نے بطور وزیر اعظم اپنے دور میں 4 تحائف فروخت کیے تھے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے 2 کروڑ 16 لاکھ روپے کی ادائیگی کے بعد سرکاری خزانے سے تحائف کی فروخت سے تقریباً 5 کروڑ 80 لاکھ روپے حاصل کیے، ان تحائف میں ایک گھڑی، کفلنگز، ایک مہنگا قلم اور ایک انگوٹھی شامل تھی جبکہ دیگر 3 تحائف میں 4 رولیکس گھڑیاں شامل تھیں۔