ویب ڈیسک: ملک میں رواں سال پولیو سے 3 بچے جاں بحق ہو گئے، جن کا تعلق کراچی اور بلوچستان سے ہے۔
ذرائع ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق جاں بحق بچہ عبداللّٰہ بن قاسم ٹاؤن ڈسٹرکٹ ملیر کا رہائشی تھا جبکہ جاں بحق 2 بچوں کا تعلق بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللّٰہ اوو کوئٹہ سے تھا۔
ای او سی کا کہنا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 39 ہو گئی ہے، سندھ میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 12 ہے۔
رواں سال کراچی سے پولیو کے 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پولیو کیسز ملیر، ضلع شرقی اور کیماڑی سے رپورٹ ہوئے۔
بلوچستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 20 ہے جبکہ خیبر پختون خوا میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 5 ہے۔
ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا کہ پنجاب اور اسلام آباد سے ایک ایک بچہ پولیو وائرس سے متاثر ہوا، 28 اکتوبر کو ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغا کیا جائے گا۔