لاہور(پبلک نیوز)ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اب کسی کے ساتھ نیوٹرل وینیو پر نہیں کھیلے گی .
ترجمان پی سی بی نے کہا ہے نیوٹرل وینیو پر میچز کھیلنے پر پی سی بی کا موقف واضح ہے ، پاکستان کرکٹ ٹیم اب کسی کے ساتھ نیوٹرل وینیو پر نہیں کھیلے گی ، نیوزی لینڈ نے اگر کھیلنا ہے تو پاکستان آکر کھیلے. ترجمان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا، پاکستان کرکٹ ٹیم کے پاس آئندہ سال دسمبر تک کھیلنے کے لیے کوئی ونڈو موجود نہیں ، ٹیم کی مصروفیات کے باعث نیوٹرل وینیو یا کہیں اور کھیلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا.
واضح رہے کہ اس سے قبل نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہونے والے منسوخ میچز کروانے پر تیار ہیں اور اس کیلئے کوئی نیوٹرل مقام منتخب کیا جا سکتا ہے، ہم پی سی بی کو ہونے والے نقصان کے بارے میں بھی سوچیں گے۔ نیو زی لینڈ کرکٹ ٹیم کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ہم مستقبل میں سوچیں گے کہ پاکستان کے ساتھ منسوخ ہونے والے میچز کو کھیلیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہونے والے نقصان کے بارے میں بھی غور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ابھی یہ بات کرنا قبل از وقت ہے کہ نیوزی لینڈ پاکستان کے دورے پر جائے گی لیکن یہ امکانات ضرور ہیں کو منسوخ ہونے والے میچز ہو جائیں تاکہ پی سی بی کو ہونے والی مالی نقصان کا ازالہ ہوسکے۔ ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی طرف سے دورہ منسوخ کرنے کے باوجود پی سی بی سے قریبی تعلقات رکھنا چاہتے ہیں، پاکستانی قوم کرکٹ کیلئے قابل تعریف جذبہ رکھتی ہے، پاکستانیوں کو سیریز منسوخ ہونے کی وجہ سے دکھ ہوا جس کا ہمیں احساس ہے۔