آج جی حضوری کرنے والا نہیں غیرت مند وزیراعظم ہے
10:25 AM, 20 Sep, 2021
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وزیر اعظم عمران خان کے ترجمان شہباز گل نے کہا ہے کہ درباری پن سے وزیراعظم بننے والے اپنے حلقے سے ہارے ہیں، آج عوام کے نام پر پراپیگنڈا کرنے والوں کو عوام 2018 میں مسترد کر چکے ہیں، بیرونی طاقتوں کے پاؤں پڑنے والے نااہل ملکی بدنامی کا باعث رہے،آج جی حضوری کرنے والا نہیں ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والا غیرت مند وزیراعظم ہے۔ ترجمان وزیراعظم، معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے ایک بیان میں کہا کہ موصوف اپنے دور کی مہنگائی کو مارکیٹ کنڈیشن گردانتے رہے، 2018 کے دگرگوں معاشی حالات کو وزیراعظم عمران خان نے سنبھالا، ایسا ممکن نہیں کہ کرپشن کا ذکر ہو اور وہاں شریف خاندان کا نام نہ آئے، عدالتوں سے لیکر عالمی میڈیا تک میاں مفرور کرپشن اور چوری سے ہی جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ کے کاوی موسوی نواز شریف کو کرپٹ اور چور کا خطاب دے چکے ہیں، امریکی ایئر پورٹ پر پینٹ اتروانے والے امریکی فون کے طعنے دے رہے ہیں، پوری زندگی ملکی اداروں کو بدنام کرنے والے اداروں کے تحفظ کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔