اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان کو بیرون ممالک دوروں کے دوران کیا تحائف ملے ؟ حکومت نے تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا.
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے شہری ابرارخالد کو وزیراعظم کے تحائف کی تفصیلات دینے کا انفارمیشن کمیشن کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحائف کی تفصیلات جاری کرنے سے میڈیا ہائپ اور غیر ضروری خبریں پھیلیں گی، مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات متاثر اور ملکی وقار مجروح ہو گا۔
دوسری جانب معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ایک نہیں دو پاکستان۔ حکومت نے وزیر اعظم کو بیرون ملک دوروں میں ملنے والے تحائف کی تفصیلات دینے سے انکار کر دیا ہے جبکہ دوسری طرف پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس چل رہے ہیں۔ تحریک انصاف جوابدہی اور شفافیت سے کیوں ڈر رہی۔ دوسروں کی باری پر یہ انقلابی بن جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ ڈویزن اب کہہ رہی کہ تحائف کی تفصیلات بتانے سے پاکستان کے ملکوں کے درمیان تعلقات متاثر ہونگے، یہ وہی حکومت ہے جس نے گزشتہ سال ماضی کی حکومتوں کو بیرون ممالک دوروں کے دوران ملنے والے تحائف کی نیلامی کا فیصلہ کیا تھا۔ نیا پاکستان بنانے والے احتساب سے اتنے خوفزدہ کیوں ہیں؟