ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئےقومی ٹیم کی نئی جرسی متعارف

07:05 AM, 20 Sep, 2022

احمد علی
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ کیلئے خصوصی کٹ ڈیزائن کی ہے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پیر کو پریس کانفرنس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ کی کٹ کی رونمائی کی۔ اس گرین کلر کی خصوصی کِٹ میں ڈیزائن کو استعمال کرتے ہوئے سیلاب متاثرین کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ جرسی کی رونمائی سے پہلے اس کی کچھ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر ہوئی ہیں جن میں سے ایک تصویر میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نئی جرسی پہنے ہوئے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف آج سے کھیلی جانے والے ٹی ٹونٹی سیریز بہت اہم ہے. سیریز کے پہلے میچ کی گیٹ منی سیلاب متاثرین کے فنڈ میں جمع کرائی جائے گی اسلئے شائقین زیادہ سے زیادہ تعداد میں سٹیڈیم آکر میچ سے محظوظ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم کافی عرصے بعد پاکستان آئی ہے،یہ سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے اور اس بڑی سیریز سے آئندہ ماہ آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں ہمیں بڑی مدد ملے گی۔ قومی کپتان نے کہا کہ گزشتہ 2سال سے رضوان اور میری اوپننگ جوڑی کافی کامیاب رہی اورہماری اوپننگ جوڑی سے پاکستان کو کافی فتوحات حاصل ہوئی ہیں، میری اور رضوان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ میچ کو آگے لے کر جائیں، میرا سٹرائیک ریٹ اوپر نیچے ہوتا رہتا ہے، ایشیا کپ میں اپنی پرفارمنس کی فکر تھی لیکن مڈل آرڈر کے پرفارم کرنے کی خوشی تھی۔ بابر اعظم نے کہا کہ ایشیاکپ کے ایک میچ کی فیس سیلاب متاثرین کو دیں گے، ایشیا کپ میں ڈاٹ بال ہم نے زیادہ کھیلیں تاہم اس سے میچ کے نتائج پر فرق نہیں پڑا، ہم نے اسی بیٹنگ لائن اپ سے 200 بھی کئے اور 200 رنز کے ہدف کو کامیابی سے حاصل بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر میچ میں صورتحال مختلف ہوتی ہے، برے وقت میں اپنے اوپر یقین رکھیں، اچھا کریں یا برا باتیں ہمیشہ ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل سٹیڈیم کراچی کی وکٹ نئی بنی ہے۔ شاہین آفریدی کی کمی محسوس ہوگی،اکتوبر کے پہلے ہفتے میں شاہین بائولنگ شروع کریں گے۔ بابر اعظم نے کہا کہ سیلاب سے پاکستانی پریشان ہیں، ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ کی گیٹ منی سیلاب متاثرین کے فنڈ میں جمع کرائی جائے گی اسلئے شائقین کرکٹ زیادہ سے زیادہ تعداد میں سٹیڈیم آکر میچ سے محظوظ ہوں۔
مزیدخبریں