شمالی وزیرستان:سرحد پار سے دہشتگردوںکی فائرنگ،سپاہی شہید
12:25 PM, 20 Sep, 2022
راولپنڈی :آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دوتوئی میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار افغانستان سے دہشتگردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک جوان شہید ہوگیا . پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی،شمالی وزیر ستان کے علاقے دوتوئی کے علاقے میں دہشت گردوں نے افغان علاقے سے فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ پاک فوج کے جوانوںکی جوابی فائرنگ سے دہشتگردوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے سپاہی نذر محمد شہید ہو گئے،34سالہ شہید سپاہی نذر محمد کا تعلق جعفر آباد سے تھا، سپاہی نذر محمد نے دہشتگردوں کے خلاف جرات و بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے پاکستان مخالف کارروائی کیلئے افغانستان کی سرزمین کا استعمال انتہائی قابل مذمت ہے،پاکستان توقع رکھتا ہے کہ افغان حکومت مستقبل میں ایسی کارروائیوں کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج ملکی دہشتگردی کے خلاف ملکی سرحدوں کے دفاع کے لئے پرعزم ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔