ملک کے چند شہروں میں بارش ہونے کی پیشگوئی

09:21 AM, 20 Sep, 2024

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت لاہور کا موسم آج گرم اور خشک رہے گا جبکہ شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے ملک کے چند شہروں میں بارش ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق باغوں کے شہر لاہور کا آج کم سے کم درجہ حرارت 26 اور زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ شہر لاہور میں آج بارش برسنے کا کوئی امکان نہیں جبکہ ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا بھر کے شہروں میں چوتھے نمبر پر آگیا، باغوں کے شہر میں سموگ کی اوسط شرح 139 پر پہنچ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم جبکہ مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم مری، گلیات، جہلم، نارووال، بہاولنگر، بہاولپور اور گرد و نواح میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ میدانی اضلاع میں گرم رہنے کا امکان ہے۔

کشمیر اورگلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک اور ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں