شمالی اور جنوبی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، 12 خوراج دہشتگرد ہلاک، 6 جوان شہید

03:32 PM, 20 Sep, 2024

ویب ڈیسک: شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں جھڑپوں کے نتیجے میں 12خوارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق جھڑپوں میں سیکیورٹی فورسز کے 6 بہادر جوان شہید ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں کے 2 واقعات ہوئے، 19 ستمبر کو پاک افغان سرحد پر 7دہشت گردوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  در اندازی کی کوشش کا پتہ چلنے پر سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں کارروائی کی، افغانستان سے آنے والے در اندازوں کو سیکیورٹی فورسز نے مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور   سیکیورٹی فورسز نے تمام 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  افغانستان سے آنے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر  کے مطابق لدھا میں دہشتگردوں کا سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ ہوا جبکہ  لدھا میں سیکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بناتے ہوئے 5 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ چیک پوسٹ پر حملے کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کے 6  بہادر بیٹے بھی شہید ہوگئے۔

علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزیدخبریں