حکومت اپنی مدت پوری کرتی نظر نہیں آ رہی، مولانا فضل الرحمان 

07:50 PM, 20 Sep, 2024

(ویب ڈیسک )جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرتی نظر نہیں آ رہی۔ اگر وہ غلط کام کےلیے بضد رہے تو جے یو آئی ان کے راستے میں رکاوٹ بنے گی۔

جمیعت علماء السلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجوزہ حکومتی آئینی ترامیم کا مقصد صرف حکومت کو تحفظ دینا تھا،   مسودے کی ایک نقل پی پی اور ایک ہمیں دی گئی، یقین نہیں کہ دونوں کاپیاں ایک ہیں۔

مولانا نے کہا  کہ بلاول بھٹو زرداری ملنے آئے، تو طے ہوا کہ ہم دونوں ہی اپنا اپنا مسودہ تیار کریں گے، اداروں کے درمیان طاقت کا توازن نہیں بگڑنا چاہیے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ شخصیات کے بجائے اداروں کی اصلاحات پر جائیں، اداروں کے درمیان طاقت کا توازن نہیں بگڑنا چاہیے، چاہتے ہیں ادارے اپنے دائرہ اختیار میں کام کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ   اس وقت ہمارا تحریک انصاف سے باضابطہ کوئی اتحاد نہیں ہے، 26ویں ترمیم کی کوشش کے دوران پی ٹی آئی مسلسل رابطے میں رہی۔ اگر ہمارا پی ٹی آئی سے تلخی والا دور ختم ہو تو اس پر آگے بڑھنا چاہیے، سوداگری والا کام نہیں کریں گے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ  کیا وجہ ہے کہ حکومت کا مؤقف عوامی سطح پر مسترد کیا جا رہا ہے، ہمارے مؤقف کی تائید اس وقت عوام میں زیادہ ہے، سوچنا چاہیے کہ عوام کے پاس مسودہ نہیں تو وہ کیوں حکومتی موقف کو مسترد کر رہےہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  کسی تحریک چلانے کیلئے پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں ہے، ہم دونوں جماعتوں میں بہتر تعلقات کی طرف بڑھنے پر اتفاق ہے۔

مزیدخبریں