سیاستدانوں، شوبز ستاروں کا فاروق قیصر کےانتقال پر اظہار افسوس

لاہور (پبلک نیوز) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان، اسد عمر، مسرت جمشید چیمہ، خلیل الرحمان قمر سمیت متعدد سیاستدانوں اور شوبز ستاروں نے فاروق قیصر عرف انکل سرگم کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے فاروق قیصر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فاروق قیصر نے بچوں کی ذہنی نشوونما اور تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انکل سرگم کا ٹیلی ویژن میں ادا کیا گیا کردار آج بھی اسی طرح زندہ ہے۔ فاروق قیصر اعلیٰ پائے کے کالم نگار اور ملک و قوم کی بہتری کے خواہاں تھے۔ اللہ تعالیٰ فاروق قیصر کو جوار رحمت میں جگہ اور غمزدہ خاندان کو حوصلہ عطا فرمائے۔


وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایک عظیم فنکار فاروق قیصر کے انتقال کا سن کر انتہائی افسوس ہوا. اللہ تعالیٰ ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ انکل سرگم جیسے لازوال کرداروں کے خالق، انہوں نے کروڑوں کو اپنے منفرد مزاح سے لطف اندوز کیا. میرے الیکشن کیمپین میں ان کی شرکت میرے لئے باعث فخر ہے۔


مسرت جمشید چیمہ کا لہنا تھا کہ ہمارا بچپن خوبصورت بنانے اور ہمارے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے فاروق قیصر المعروف انکل سرگم انتقال فرما گئے، معاشرے کی منافقتوں اور برائیوں پہ اُن کے رائے ایک آرٹ کی صورت ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، اللہ انکی مغفرت فرمائیں۔

خلیل الرحمان قمر نے کہا ہے کہ ہم بڑے ہو جائیں تو بار بار اپنے بچپن کے مرنے کا دُکھ جھیلتے ہیں

صوبائی وزیر تیمور تالپور نے معروف اداکار فاروق قیصر کے انتقال پر گہرے دکھ اظہار کیا ہے ان کا کہنا تھا کہ مرحوم کی فنی زندگی کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ انکل سرگم میں بے مثال اداکاری کرکے دل جیتا ۔ فاروق قیصر اک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی مشہور کردار انکل سرگم کے خالق ڈرامہ نگار فاروق قیصر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا ہے۔ فاروق قیصر نے انکل سرگرم کے کردار کو بخوبی نبھایا جو ان کی وجہ شہرت بھی بنا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں