وزیراعظم کا عمران خان کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کا حکم

05:36 AM, 21 Apr, 2022

احمد علی
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کو سکیورٹی تھریٹ کی اطلاع پر وزارت داخلہ کو فوری اور موثر اقدامات کی سخت ہدایت کردی، وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذاتی طور پر نگرانی کرنے اور احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی. وزیراعظم شہبازشریف کے احکامات پر وزارت داخلہ حرکت میں آگئی، وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز کو ہنگامی خط لکھا دیا ،جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔وزارت داخلہ نے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ہدایات جاری کر دیں ہیں۔ وزارت داخلہ نے ہنگامی مراسلے میں کہا ہے کہ ملک بھر میں عمران خان جہاں بھی جائیں، ان کی سخت سکیورٹی یقینی بنائی جائے، عمران خان کی بنی گالہ رہائش پر بم ناکارہ بنانے سمیت دیگر سکیورٹی حکام ضروری اقدامات یقینی بنائیں، عمران خان کے جلسے، جلوس اور عوامی سرگرمیوں کے دوران سکیورٹی سے متعلق غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔
مزیدخبریں