لاہور ہائیکورٹ: عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور ہونے کیخلاف درخواست مسترد

06:08 AM, 21 Apr, 2022

احمد علی
لاہور: ( پبلک نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے عثمان بزدار کے بطور وزیراعلیٰ استعفی منظوری کی قانونی حیثیت کیخلاف درخواست واپس لینے کی بنا پر مسترد کردی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی نے درخواست پر سماعت کی۔ لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں عمران خان، عثمان بزدار ،حمزہ شہباز اور عمر سرفراز چیمہ کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کو بھجوایا حالانکہ قانون کے مطابق وزیراعلیٰ استعفیٰ گورنر کو بھجوا سکتا ہے۔ عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ سابق گورنر چودھری سرور نے غیر قانونی طور پر عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کیا۔ لاہور ہائیکورٹ عثمان بزدار کا استعفیٰ منظور کرنے کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دے۔ درخواست میں یہ استدعا بھی کی گئی تھی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کا سارا پراسس کالعدم قرار دیا جائے۔ حمزہ شہباز کو بطور وزیراعلیٰ کام کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے عثمان بزدار کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب بحال کیا جائے۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل پر سخت اظہار برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ متاثرہ فریق نہیں، کیوں درخواست دائر کی؟ اس پر درخواست دائر کے وکیل ندیم سرور کا کہنا تھا کہ میں نے بطور قانون کے طالب علم یہ اقدام اٹھایا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ جب متاثرہ فریق مطمئن ہے تو آپ نے درخواست کیوں دائر کی؟ آپ لوگوں نے عدالتوں کو مذاق بنایا ہوا ہے۔ جمہوریت، جمہوریت، جمہوریت کیا ذرا سا صبر نہیں ہے؟ کیا یہ جمہوریت ہوتی ہے؟
مزیدخبریں