بنوں میں سی ٹی ڈی کا خفیہ آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک
10:12 AM, 21 Apr, 2022
بنوں: (ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی) بنوں ریجن اور ڈسٹرکٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چار دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ دہشتگردوں کی مصدقہ اطلاع پر عمرزائی اور پینگ پہاڑوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران جوابی فائرنگ سے چار دہشت ہلاک ہوگئے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں میں سے کمانڈر نور محمد کی سر کی قیمت پندرہ لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔ یہ آپریشن چالیس منٹ تک جاری رہا۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضہ سے ایک کلاشنکوف بمعہ 3 عدد میگزینز،ایک عدد رائفل 30 بور بشکل ایم 16 بمعہ ڈبل فٹ میگزین، 2 عدد پستول 30 بور بمعہ میگزین اور کافی تعداد میں کارتوس اور بنڈولئیر شناختی کارڈ، نقد رقم، مختلف قسم کارڈز، موبائل فونز اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ جبکہ دیگر دہشتگرد رات کی تاریکی اور جھاڑی بوٹیوں اور پہاڑوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔ فرار دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے سی ٹی ڈی اور ڈسٹرکٹ پولیس کی مشترکہ سرچ آپریشن جاری ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ، بم دھماکوں، ہینڈ گرنیڈ اٹیک، دہشت گردی اور سیکورٹی فورسزز پر حملوں سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔