ملک میں‌جلد از جلد الیکشن کرائےجائیں‌

06:17 PM, 21 Apr, 2022

احمد علی
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کسی صورت امپورٹڈ حکومت قبول نہیں‌کرونگا، جن سے بھی غلطی ہوئی ہے ایک ہی طریقہ ہے فوری الیکشن کرائیں. چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور میں مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کا جتنا بھی شکریہ ادا کروں وہ کم ہے، مجھے پتہ تھا کہ لاہور مجھے مایوس نہیں کرے گا، میں نے کبھی اتنے بڑے جلسے کے سامنے خطاب نہیں کیا، یہ اللہ کاخاص کرم ہوتاہےکہ قوم جاگ جائے۔ عمران خان نے کہا کہ میرے ماں باپ ایک غلام ہندوستان میں پیدا ہوئے تھے، میرے ماں باپ نے پاکستان کی تحریک میں شرکت کی تھی، مجھے بچپن سے بتایا گیا کہ تم خوش قسمت ہو جو آزاد ملک میں پیدا ہوئے ہو۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے نہ غلامی قبول کرنی ہے نا یہ امپورٹڈ حکومت قبول کرنی ہے، اب سب کو پتہ چلا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت کیا ہوتی ہے، باہر سے مسلط ہونے والی حکومت سلیکٹڈ ہوتی ہے، میں آج لائحہ عمل دوں گا کہ کسی صورت اس حکومت کو قبول نہیں کرونگا۔ غلاموں اور کرپٹ ترین لوگوں کو کبھی قبول نہیں کروں گا، جوتےپالش کرنےوالاآج ہم پرمسلط ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ جب سے وزیراعظم بنا یہ کوشش تھی کہ ہماری آزاد خارجہ پالیسی بنے ایسی خارجہ پالیسی جس کے تحت تمام فیصلے اپنے لوگوں کے مفاد کیلئے ہوں، یہ لوگ پاکستانیوں کو حکم دیتے تھے، ایک ٹیلیفون پر ساری باتیں منوا لیتے تھے، ان لوگوں کو یہ بات پسند نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنےقوم کیلئےفیصلےکرتاہوں،غلامی کوقبول نہیں کریں گے، عالمی سطح پراسلاموفوبیااورگستاخانہ خاکوں کیخلاف آوازاٹھائی، روس سے ہمیں گندم بھی 30فیصد کم قیمت پر مل رہی تھی، روس اس لیے گیا تھا اس سے میری عوام کو فائدہ ہونا تھا،مہنگائی میں کمی آنی تھی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان امریکا کا قریبی اتحادی ہے، امریکا نے اسے بھی منع کیا کہ تیل نہ خریدو جس پر اس نے انکار کر دیا، ہندوستان کی خارجہ پالیسی اپنےلوگوں کیلئےہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایکسپورٹس میں ریکارڈ اضافہ کیا، ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا، سب سے بہترین کارکردگی تحریک انصاف کی حکومت کی تھی، ہمارے دور حکومت میں بیرون ملک پاکستانیوں نے 31 ارب ڈالر بھیجے، سارے برصغیر میں پاکستان میں سب سے کم بےروزگاری تھی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے پر الزام لگایا جا رہا ہے کہ اس نے توشہ خانہ سے کوئی چیزیں لیں، ہم نے تحائف کی رقم 50 فیصد مقرر کر دی، میں نے جو بھی تحائف خریدے وہ ریکارڈ پر ہیں، میں اپنا خرچ خود اٹھاتا ہوں، اپنے گھر کی دیوار بنوانے کیلئے حکومت سے پیسے نہیں لیے، چیلنج کرتا ہوں ملکی تاریخ میں بطور وزیراعظم میں نے سب سے کم پیسہ خرچ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلےدن سےامریکی جنگ کیخلاف تھا، شروع سےکہتارہاکہ یہ جنگ ہماری نہیں ہے، افغان مسئلےپرہمیشہ کہاکہ کوئی عسکری حل نہیں ہے، کون سا ملک کسی کیلئے خود کو قربان کرتا ہے، میرا جینا اور مرنا پاکستان میں ہے، میں کیوں اپنے لوگوں کو امریکہ کیلئے قربان کروں، اس جماعت کو کبھی ووٹ نہ دو جن کے لیڈرز کے پیسے اور جائیدادیں باہر پڑی ہیں، جن کی جائیدادیں ملک سے باہر پڑی ہیں انہیں کبھی ووٹ نہ ڈالو، یہ کبھی سامراج کا دباو برداشت نہیں کرسکتے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سفیر کو کہا گیا کہ عدم اعتماد میں عمران خان کو نہ ہرایا تو پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہوگا، عدم اعتماد آیا نہیں تھا لیکن امریکی آفیشل کو پہلے ہی پتہ تھا، کہا گیا اگر عدم اعتماد کامیاب ہوگیا تو پاکستان کو معاف کردیں گے، بتایا جائے ہم نے کیا جرم کیا وہ ہمیں معاف کردے گا، وزیراعظم میں تو میں تھا یہ کس کو کہہ رہے تھے کہ عمران خان کو ہٹاو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ووٹ دیں یا نہ دیں لیکن ساری زندگی ان لوٹوں کو ووٹ نہ دینا، تکلیف دہ چیز یہ ہے کہ ملک کے بڑے ڈاکو جو ضمانت پر تھے انہیں ملک پر مسلط کردیا گیا، انہوں نے اس ملک پر انتا بڑا ظلم ہوا ہے جس کا کسی کو اندازہ نہیں، ساڑھے تین سال ان کے کیسز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی، میرے نیچے نہ نیب تھانہ کوئی ادارہ تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ جن کے ہاتھ میں پاور تھی، وہ کرپشن کو برا ہی نہیں سمجھتے تھے، میں جب تک زندہ ہوں، کرپشن اور اس ظلم کا مقابلہ کرتا رہوں گا، یہ المیہ ہے کہ جنہیں جیل میں ہونا چاہیے تھا وہ وزیر اور وزیراعظم بن گئے، قوم یہ برداشت نہیں کر سکتی، جب تک زندہ ہوں ناانصافی کا مقابلہ کرتا رہوں گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ میں مراسلے پر کھلی سماعت ہو، چیف الیکشن کمشنر کو ن لیگ میں کوئی عہدہ دے دیا جائے، چیف الیکشن کمشنر کے تمام فیصلے ہمارے خلاف ہوتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی سب کے کیسز ایک ساتھ سنے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کان کھول کر سن لو اصل پارٹی تو اب شروع ہوئی ہےسب نے تیاری کرنی ہے میں سب کو اسلام آباد بلاوں گا،میں کسی قسم کا تصادم نہیں چاہتا یہ میرا ملک ہے،فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کی حقیقی آزادی کی تحریک چلانی ہے،انہوں نے کہا کہ جن سے بھی غلطی ہوئی ہے ایک ہی طریقہ ہے فوری الیکشن کرائیں ۔
مزیدخبریں