ٹوئٹر کی مفت’بلیو ٹِک‘ سروس ختم، اہم شخصیات کے اکاؤنٹس سے ’بلیو ٹِک‘ غائب ہوگیا

03:31 PM, 21 Apr, 2023

احمد علی
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے مفت ’بلیو ٹِک‘ سروس ختم ہوگئی جس کے بعد دنیا بھر میں اہم شخصیات کے اکاؤنٹس سے ’بلیو ٹِک‘ غائب ہوگیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بل گیٹس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ’بلیو ٹِک‘ ہٹا دیا گیا ہے۔ پاکستان میں سابق وزیر اعظم عمران خان ، بوم بوم شاہد آفریدی اور قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے اکاؤنٹ سے بھی ’بلیو ٹِک‘ غائب ہوگیا ہے۔اس کے علاوہ بھارت میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان، سپر اسٹار امیتابھ بچن اور کرکٹر ویرات کوہلی سمیت کئی اہم شخصیات کے اکاؤنٹ سے بھی بلیو ٹِک ہٹا دیا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے 20 اپریل سے صارفین کے اکاؤنٹس سے مفت بلیو ٹِک ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک نے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ویری فائیڈ کرانے کا عمل ماہانہ فیس سے مشروط کردیا تھا۔ پاکستان میں ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن فیس ماہانہ 2250 روپے رکھی گئی ہے جبکہ دنیا کے دیگر ملکوں میں یہ 8 سے 11 ڈالرز کے درمیان ہے۔
مزیدخبریں