پبلک نیوز:حالیہ بارشوں نے جہاں ملک بھر کو متاثر کیا وہیں چمن میں سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی ہے جس کے پیش نظرپاک فوج اور ایف سی بلوچستان (نارتھ) کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق ہمیشہ کی طرح اپنی روایت قائم رکھتے ہوئے اس مشکل موقع پر بھی پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔سیلابی صورتحال سے چمن شاہرہ این اے 25 بُری طرح متاثر ہوئی جو پاک فوج اور ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی مشترکہ کاوشوں سے بحال ہو گئی۔
ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور پاک فوج کی جانب سے مشترکہ ریسکیو ریلیف آپریشن پچھلے دو روز سے جاری ہے، چمن میں متاثرین کو پی ڈی ایم کی جانب سے خیمے کمبل برتن سمیت دیگر اشیائے ضروریہ تقسیم کی گئیں جبکہ سیلاب متاثرین کو نہ صرف بنیادی سامان اور راشن مہیا کیا گیا بلکہ مفت میڈیکل کیمپس کا بھی انعقاد کیا گیا۔
پاک فوج کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے قائم کیے گئے میڈیکل کیمپس میں عوام کا مفت طبی معائنہ کیا گیا جبکہ سیلاب متاثرین کے مفت طبی معائنے کے علاوہ انہیں غذائیں اور مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
چمن کے متاثرین نے پاک فوج اور ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے علاقہ مکینوں کو بروقت ریسکیو کرنے پر خوب سراہا گیا۔