بڑی عید سے قبل حکومتی نمائندے کی قربانی اور عمران خان کی رہائی ہوگی،میاں شہزاد فاروق 

03:46 PM, 21 Apr, 2024

پبلک نیوز: پی ٹی آئی رہنما میاں شہزاد فاروق نے پبلک نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑی عید سے قبل ایک حکومتی نمائندے کی قربانی دی جائے گی اور عمران خان جیل کی سلاخوں سے باہر ہوں گے۔

ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے میاں شہزاد فاروق نے کہا کہ ان کی تیاری تو بھرپور ہے لیکن ایک چوروں کا خاندان پیچھے لگا ہوا ہے۔ زرداری صاحب ڈاکو اور شریف خاندان چور، جنہوں نے ہمارے پیچھے پولیس لگا دی ہے اور ان کے کیمپ اکھاڑے جارہے ہیں۔ ورکرز کو بھی رات سے ہراساں کررہے ہیں۔ یہاں تک کہ میرے آفس میں بھی رات کو ریڈ کی گئی۔ تمام فلیکسز پھاڑ دیں اور کیمرے بھی ساتھ لے گئے۔

میاں شہزاد کا کہنا تھا کہ ورکر چارج ہے اور پرجوش ہو کر نکل رہا ہے۔ امید ہے کہ سرپرائز دیں گے۔ گزشتہ انتخاب میں بھی فارم 45 کے تحت میرا ووٹ ایک لاکھ سے زائد تھا جبکہ مریم نواز کو صرف 54 ہزار ووٹ کاسٹ ہوا۔ لیکن اتنی بڑی لیڈ کے باوجود مجھے ہرا دیا گیا۔ 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت روایتی ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے جہاں ہمارا ووٹ ہے وہاں پولنگ  میں جان بوجھ کر تاخیر کررہی ہے۔ حکومت اپنے ووٹرز کو پروٹوکول دے رہی ہے جبکہ ہمارے ووٹرز کو گرفتار کیا جارہا ہے۔

انٹرنیٹ بندش کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت خوفزدہ ہے کیونکہ ہمارا ووٹر مزید بڑھ گیا ہے۔ چور اور ڈاکو کے اکٹھے ہونے کی وجہ سے پاکستان کی عوام مزید جاگ گئی ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے عوام پریشان ہے۔ پی ٹی آئی امیدوار نے کہا کہ آج رات سب کو سرپرائز دیں گے۔ اس مرتبہ کسی کو دھاندلی نہیں کرنے دیں گے۔ 

ملک کے مستقبل کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ پھر چاہے یہ جتنی بار مرضی گرفتار کرلیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت کے پاس وقت کم ہے کیونکہ بڑی عید سے قبل ایک حکومتی نمائندے کی قربانی ہوگی اور عمران خان جیل کی سلاخوں سے نکل کر وزیراعظم کی کرسی پر بیٹھیں گے۔

مزیدخبریں