مسلم امہ افغانوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرے
10:30 AM, 21 Aug, 2021
اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کابل میں جاری مذاکرات کی کامیابی نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کیلئے بہتری کا باعث ہو گی، ضرورت اس امر کی ہے کہ افغان شہریوں کی سیکورٹی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے،اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثمین کے ساتھ ٹیلیفونک پر گفتگو کرتے ہوے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے، ہمیں توقع ہے کہ افغان رہنما اپنے باہمی اختلافات کے خاتمے اور جامع سیاسی تصفیے کیلئے جاری مذاکرات سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کیلئے افغانوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرے، کابل میں ایک ایسی وسیع البنیاد حکومت کے خواہاں ہیں ، ہمیں توقع ہے کہ کابل میں جاری مذاکرات کی کامیابی سے افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کی راہ ہموار ہو گی۔