پانی بحران پھر سر اٹھانے لگا، صوبوں کے کوٹہ میں کمی
02:30 PM, 21 Aug, 2021
اسلام آباد (پبلک نیوز) پانی بحران پھر سر اٹھانے لگا۔ ارسا نے صوبوں کے پانی کے حصص میں کمی کر دی۔ تربیلا اور منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج بھی کم کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق ارسا کے ہنگامی اجلاس میں سندھ اور بلوچستان کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔ وفاق، کے پی کے اور پنجاب ایک پیج پر آ گئے۔ سندھ اور بلوچستان کا اعتراض مسترد کر دیئے گئے۔ سندھ کی جانب سے کہا گیا کہ پانی کم کرنے سے سندھ اور بلوچستان کی کھڑی فصلیں تباہ ہو جائیں گی۔ کپاس، چاول اور گنا کی کھڑی فصلیں تباہ ہو جائیں گی۔ دیگر ممبرز نے مؤقف اپنایا کہ سندھ پانی کے بہاؤ کی پیمائش نہیں کرا رہا۔ بلوچستان نے اعتراض اٹھایا کہ ایک جانب سندھ پورا پانی نہیں دیتا، دوسری طرف ارسا نے اخراج کم کر دیا۔ خیال رہے کہ ارسا نے تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج کم کر کے ایک لاکھ کیوسک کر دیا۔ منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج 35 ہزار سے کم کر کے 30 ہزار کیوسک کر دیا۔ پنجاب اور سندھ کے پانی کے حصص میں 20 ہزار کیوسک تک کمی کر دی گئی۔ پنجاب کے حصے میں 10 ہزار کیوسک کمی کی گئی۔ سندھ کے حصے میں 20 ہزار کیوسک کمی کی گئی۔ بلوچستان کے لیے 14 ہزار اور کے پی کے لیے 3 ہزار کیوسک پانی کا کوٹہ مختص کیا گیا۔ ارسا کا کہنا ہے کہ تربیلا اور منگلا ڈیم نہیں بھر سکے۔ ربیع سیزن میں پانی کی قلت کا سامنا رہے گا۔