حلقہ این اے 245 میں ضمنی انتخاب، پولنگ جاری
08:31 AM, 21 Aug, 2022
کراچی: این اے 245 کی نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے جو بغیر کسی وقفے کےشام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقے میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت صبح 8 بجے شروع ہوا ہے جو کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ دوسری طرف حلقے میں مجموعی طور پر 263 پولنگ اسٹیشنز میں سے 201 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیکر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی کشیدہ صورت حال سے نمٹا جاسکے، پولیس کے 2700 اہلکاروں کے علاوہ پاک فوج اور رینجرز اہلکار کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ پندرہ امیدواروں میں مقابلہ ہے، پاکستان تحریک انصاف کے محمود مولوی، متحدہ قومی موؤمنٹ پاکستان کے معیدانور، تحریک لبیک پاکستان کے احمد رضا اور فاروق ستار آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کی جانب سےایم کیو ایم کے حق میں ستبردار ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ یہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تقریبا 5لاکھ ہے،شہر کے اس اہم حلقے میں نشتر بستی، پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، جہانگیر روڈ، مارٹن کوارٹرز، کلیٹن کوارٹرز، پی سی سی ایچ ایس، طارق روڈ اور خداداد کالونی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔