نگران وفاقی حکومت کا بجلی کی فروخت،تقسیم ، ٹیرف کا موجودہ نظام ختم کرنے کا فیصلہ

07:46 PM, 21 Aug, 2023

احمد علی
اسلام آباد: نگران وفاقی حکومت نے بجلی کی فروخت،تقسیم اور ٹیرف کا موجودہ نظام ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگراں وزیرعظم نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کی ملکیت میں دینے کے لیے سمری وفاقی کابینہ کو بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔ وفاقی حکومت کے فیصلے کے باعث ملک بھر میں بجلی کے یکساں ٹیرف کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہر صوبے میں بجلی کے ریٹ اور سبسڈی کی ذمہ داری صوبوں کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حیدر آباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی سندھ کی ملکیت میں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کوئٹہ الیکٹرک کمپنی بلوچستان کی ملکیت جبکہ لاہور، گوجرنوالہ،فیصل آباد،اور ملتان الیکٹرک سپلائی کی ملکیت پنجاب کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی ملکیت پنجاب اور وفاق کی مشترکہ طور پر ہو گی ، پشاور اور ٹرائبل ائیریا الیکٹرک سپلائی کمپنی کے پی کی ملکیت میں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تقسیم کار کمپنی کو صوبوں کے حوالے کرنے کا پالیسی فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے۔دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ بجلی چوری ،عدم وصولیوں کے باعث قومی خزانہ بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں رہا۔
مزیدخبریں