وزیراعلیٰ مریم نواز کی اپنی چھت اپنا گھراسکیم میں کون اپلائی کرسکتا ہے؟

02:56 PM, 21 Aug, 2024

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کا افتتاح کردیا۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ اپنا گھر اپنی اسکیم کیلئے بلا سود قرض دیا جائے گا۔ درخواست آن لائن دی جاسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں اپنی چھت اپنا گھر منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں اس اسکیم کا آغاز کر رہی ہوں جس کا ہمیں اور ہمارے صوبے کے عوام کو بہت انتظار تھا، مجھ سے بہت سے سوال پوچھے جاتے تھے۔

تقریب سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ جس کے پاس اپنا گھر ہو، اسے نعمت کی قدر کم ہوتی ہے، خواہش کی شدت ان سے پوچھیں جن کے پاس اپنا گھر نہیں۔ آپ کے پاس ہر نعمت ہو لیکن اپنا گھر نہ ہو تو کمی محسوس ہوتی ہے اور اسے بیان کرنا بھی مشکل ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہم اسکیم بنانے میں کامیاب رہے ہیں اور امید ہے کہ ہم جلدی جلدی گھر بنا کر لوگوں کو دے سکیں گے۔ نواز شریف سب سے زیادہ اس اسکیم کے منتظر تھے۔ انہوں نے ہاریوں کو گھر دئیے تھے اور مجھے اس اسکیم کی ہدایت کرتے تھے۔

آن لائن درخواست

خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ شہری علاقوں میں 1 سے 5 مرلہ زمین پر 15 لاکھ روپے کا قرض ملے گا۔ دیہی علاقوں میں ایک سے 10 مرلہ زمین پر 15 لاکھ قرض ملے گا۔ قرض کی اقساط کی ادائیگی 7سالوں میں کرنا ہوگی۔

مریم نواز نے کہا کہ پہلے تین ماہ تک قرض کی قسط ادا نہیں کرنا ہوگی۔ گھر بنانے کیلئے قرض لینے والوں کو قرض کی زیادہ سے زیادہ قسط 14ہزار روپے ادا کرنا ہوگی۔ پنجاب حکومت اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے تحت بلا سود قرض دے گی۔

انہوں نے کہا کہ سروس چارجز بھی پنجاب حکومت ادا کرے گی۔ کوئی سود یا پوشیدہ چارجز نہیں ہوں گے۔ قرض کیلئے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ پنجاب ہر چیز میں دیگر صوبوں کی قیادت کر رہا ہے۔ پنجاب کو دیکھ کر لوگوں کی دوڑیں لگی ہوئی ہیں۔

بینک شامل نہیں

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ میں نے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم میں بینک کو اس لیے شامل نہیں کیا کیونکہ اس کے اپنے لوازمات ہوتے ہیں۔ اسکیم کیلئے ایک رابطہ نمبر ہے جس کیلئے لوگ آن لائن بھی اپلائی کرسکتے ہیں اور 080009100 پر کال کرکے بھی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوشش کی کہ اگر اپنا گھر نہیں ہے اور کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے تو ہم نے کوشش کی کہ اسکیم کی قسط اس کرائے سے کم ہو۔ اپنا گھر اپنی چھت کو ہم شروع میں پنجاب کے 5 سے 6اضلاع کیلئے شروع کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں