حضرت داتا گنج بخشؒ کے 981 ویں عرس کے انتظامات مکمل

03:21 PM, 21 Aug, 2024

ویب ڈیسک: سند الواصلین، مظہر العلوم الشیخ حضرت سید علی بن عثمان الہجویری کے981ویں سالانہ عرس مبارک کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

سالانہ عرس تقریبات 24 اگست18 صفر المعظم ہفتہ سے 26 اگست سوموار20 صفر المعظم کی رات گئے تک آپ ؒ کے آستانہ پر جاری رہیں گی۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، صوبائی وزیر خوراک بلال یسین کی ہمراہی میں24 اگست کی صبح مزار پر انور پر رسم چادر پوشی کرنے کے علاوہ سبیل دودھ کا افتتاح کریں گے۔

سالانہ عرس کے موقع پرجامع مسجد داتا دربار میں قرآن خوانی،محافل نعت،محافل قرآت،دروس قرآن، دروس حدیث،دروس کشف العحجوب کی دینی ، روحانی محافل اور علمی نشتوں کا انعقاد ہوگا۔ ان محافل میں علماءومشائخ، سجادگان ،مذہبی سکالرز ، قراءاور نعت خواں حضرات شریک ہوں گے۔

زائرین کی روحانی، باطنی اور قلبی تسکین کیلئے عرس مبارک کے موقع پر محفل حسن قرات، تین روزہ قومی محفل نعت اور محفل سماع کا بھی خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے۔

حضرت داتا گنج بخشؒ کے علمی اور روحانی فیوض و برکات کی ترویج و تبلیغ کیلئے رواں برس03کتب” کشف المحجوب۔۔ ایڈیشن ششم ، معارف سیرت (از ڈاکٹر طاہر رضا بخاری) اور تسہیل کشف المحجوب(جلد دوم) مترجم، ڈاکٹر ظفر اقبال نوری“ کی خصوصی اشاعت کی جائے گی۔

ایلیٹ فورس کی03 گاڑیاں،محکمہ پولیس کی لیڈ ی کانسٹیبل دربار شریف کے خواتین کے احاطہ میں مامور کی جا رہی ہیں۔

دربار شریف کے اندر داخل ہونے والے راستوں پر 11واک تھر وگیٹس اور 10میٹل ڈیٹیکٹرز 15واکی ٹاکی، 22انٹرکام زائرین کی حفاظت کیلئے مہیا کئے گئے ہیں۔ داتا دربار میں موجود رضا کار تنظیموں کے 500رضا کار بھی محکمہ کی معاونت کریں گے۔

محکمہ اوقاف نے 41سکیورٹی گارڈز بھی سیکورٹی انتظامات کویقینی بنانے کیلئے تعینات کیے ہیں جن کی نگرانی 3سپروائزر کریں گے۔ 72عدد پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز بھی سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔

سالانہ عرس کے موقع پر نجی سیکورٹی کمپنی سے مزید 69 سیکورٹی گارڈز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔

داتا دربار کمپلیکس کے داخلی راستوں پر پولیس نے بھی الگ سے واک تھرو گیٹس کا انتظام کیا ہے ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر بم ڈسپوزل سکواڈ بھی ہمہ وقت موجود رہے گا۔

مزیدخبریں