قتل یا خود کشی؟ اداکارہ ہوٹل کی 22ویں منزل سے گر کر ہلاک

06:06 AM, 21 Dec, 2021

Rana Shahzad
ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کی مشہور اداکارہ سایاکا کانڈا ان دنوں جزیرہ ہوکائیڈو کے ایک ہوٹل میں ٹھہری ہوئی تھیں۔ ان کا کمرہ ہوٹل کی 22ویں منزل پر تھا جہاں سے وہ گر کر ہلاک ہوگئیں۔ جاپانی اداکارہ کے انتقال کے باعث ان کے مداحوں میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔ سایاکا کانڈا کی عمر 35 سال تھی۔ اگرچہ انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود اداکارہ کو بچایا نہیں جاسکا۔ خیال رہے کہ سایاکا ایک جاپانی اداکارہ اور گلوکارہ تھیں۔ وہ اداکار ماساکی کانڈا اور پاپ گلوکار سیکو ماتسودا کی اکلوتی اولاد تھیں۔ سایاکا ڈزنی کی فروزن فلم سیریز میں انا کے کردار کو جاپانی زبان میں ڈب کرنے کے لیے مشہور ہوئیں۔ فی الحال پولس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اس معاملے کی 'ممکنہ خودکشی' کے طور پر تفتیش کی جا رہی ہے۔ تاہم کسی سازش کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا گیا۔ دوسری جانب سایاکا کی فیملی، قریبی دوست اور مداح یہ ماننے کو تیار نہیں کہ وہ خود کشی کر سکتی ہیں۔ خیال رہے کہ بالی وڈ کی مشہور اداکارہ دیویا بھارتی بھی ایک ہوٹل سے گر کر ہلاک ہو گئیں‌تھیں، انھیں‌قتل کیا گیا یا انہوں‌نے خود کشی کی تھی؟ یہ معمہ بھی آج تک حل نہیں‌ہو سکا ہے.
مزیدخبریں