عمران خان استعفیٰ دیدیں، برا وقت‌آنے والا ہے: مریم نواز

08:20 AM, 21 Dec, 2021

Rana Shahzad
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے پاس اب بھی موقع ہے کہ وہ استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں کیونکہ اس کے بعد ان کیلئے برا وقت آنے والا ہے۔ اسلام آباد میں ایون فیلڈ ریفرنس میں پیشی کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ تھوڑی سی بھی عزت والا شخص ہو تو خدا حافظ کہہ کر چلا جائے۔ عمران خان عوام کی جان چھوڑ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو خیبر پختونخوا میں جیت پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ تاہم ہمیں اس صوبے پر خاص توجہ دینا ہوگی۔ اپنی جماعت کو کہا ہے کہ خیبر پختونخوا پر خاص توجہ کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف میرے والد کی جگہ ہیں، وہ مسلم لیگ (ن) کے صدر ہیں لیکن فیصلے کا اختیار نواز شریف کے پاس ہی ہے۔ پاکستان نواز شریف کا اپنا ملک ہے، وہ ضرور واپس آئیں گے۔ ہم سب چاہتے ہیں کہ ان کی جلد از جلد واپسی ہو، لیگی قائد خود بھی اپنے وطن واپس آنے کیلئے بے چین ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی حکومت ہے جو ایک کے بعد ایک انتخاب ہار رہی ہے۔ ایک وقت آئے گا کہ پی ٹی آئی سے کوئی ٹکٹ بھی نہیں مانگے گا۔ انہوں نے خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات میں شکست کو پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا۔ ایون فیلڈ ریفرنس پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ بھی وقت تھا جو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعا کرتا تھا، آج التوا مانگ رہا ہے۔ آج نیب نے التوا مانگا اور کہا ہے پراسیکیوٹر کی طبعیت ناساز ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس پر اپیلوں میں نیب کی جانب سے التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی ہے۔
مزیدخبریں