سردی کی نئی لہر،بالائی علاقوں میں ابررحمت کی پیشگوئی،محکمہ موسمیات نے نویدسنادی

09:33 AM, 21 Dec, 2024

ویب ڈیسک: ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت برقراررہی بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کر دی گئی۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

 تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں کہرا پڑنے کا امکان پیدا ہوگیا، پہاڑی علاقوں میں کڑاکے کی سردی پڑی، لہہ اور سکردو میں پارہ منفی12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، گلگت میں درجہ حرارت منفی8،قلات میں منفی سات، استوار، کوئٹہ اور زیارت میں منفی6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔چترال، دیراور کالام میں منفی5، راولا کوٹ اور ہنزہ میں پارہ منفی4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ رات کے اوقات میں پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علا قوں میں دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد اورخشک رہے گا تاہم قلعہ عبداللہ، پشین، کوئٹہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ اور ژوب میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ تا ہم رات میں خطہ پوٹھوہار میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

صبح اور رات کے اوقات میں سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان، بہاولنگر اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے جبکہ صبح کے اوقات میں خطہ پوٹھوہار اور چند میدانی علاقوں میں کہرا پڑنے کی توقع ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم رات کے اوقات میں سکھر، شکارپور، کشمور، خیر پور اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا تاہم چترال، دیر، سوات، ملاکنڈ، بونیر، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، پشاور، مردان اور صوابی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں