کینیڈین وزیراعظم کی کرسی خطرے میں۔۔ اہم اتحادی کا عدم اعتماد لانے کا اعلان

02:11 PM, 21 Dec, 2024

علی زیدی

ویب ڈیسک: (علی زیدی) کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی کرسی خطرے میں پڑگئی ہے۔ لبرل جماعت کے اہم اتحادی نے راہیں جدا کرنے اور عدم اعتماد لانے کا اعلان کردیا ہے۔ 

نیوڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما جگمیت سنگھ کو جسٹسن حکومت کا اہم اتحادی تصور کیا جاتا تھا تاہم اب انہوں نے اعلان کیا ہے کہ 27 جنوری کو موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد ہاؤس آف کامنز میں عدم اعتماد کی باضابطہ تحریک پیش کردی جائے گی۔

انہوں نے خیال ظاہر کیا ہے کہ اگر تمام اپوزیشن جماعتوں نے ان کا ساتھ دیا تو نیا سال ٹروڈو حکومت کے خاتمے اور انتخابات کا ہوگا۔ 

یاد رہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے مہنگائی کی شرح میں اضافہ، مکانات کے بحران کی وجہ سے لبرلز کو عوام کے غصے کا سامنا ہے۔ 

جگمیت سنگھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کا وقت ختم ہوچکا ہے اب اس سے فرق نہیں پڑتا کہ لبرل پارٹی کی قیادت کون کررہا ہے۔ ہم ہاؤس آف کامنز کی اگلی نشست میں عدم اعتماد کی واضح تحریک پیش کریں گے۔ 

دوسری جانب اپوزیشن کی بڑی جماعت بلاک کیوبکوئس نے بھی عدم اعتماد کی حمایت کی یقین دہانی کروادی ہے۔ 

مزیدخبریں