شہباز اور ترین کی خفیہ ملاقات کہاں ہوئی؟ بڑی خبر آگئی

06:02 AM, 21 Feb, 2022

Rana Shahzad
لاہور: (ویب ڈیسک) حکمران جماعت پی ٹی آئی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے لیگی صدر میاں شہباز شریف اور جہانگیر ترین کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات بارے بڑا دعویٰ کردیا ہے۔ ایک نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی پی ٹی آئی کے ناراض رہنما سے ہونے والی ملاقات حقیقت ہے، جو آج سے دو روز قبل مخدوم احمد محمود کی رہائش گاہ پر ہوئی تھی۔ دوران گفتگو انہوں نے جہانگیر ترین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شریف برادران پر بالکل بھروسہ نہ کریں۔ کیونکہ انھیں آل شریف سے کبھی خیر کی توقع نہیں کرنی چاہیے۔ فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ مسلم لیگ ن کے صدر تو ہیں لیکن ان کے ہاتھ میں فیصلے کرنے کی طاقت ہی نہیں ہے جبکہ سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کی اہمیت بھی ایسی ہی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کو مشورہ دیا ہے کہ واقعات اور حالات کو دیکھ کر اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔ ہمارے خلاف کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں آئے گی کیونکہ اپوزیشن کے لوگوں کو پتا ہی نہیں کہ یہ آئے گی کہاں سے؟ پروگرام کے دوران گفتگو میں انہوں نے ایک اور بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے متعدد افراد ہم سے پنجاب میں ٹکٹوں کی درخواست کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے افراد کی تعداد 15 ہے۔ انہوں نے اس موقع پر جہانگیر ترین کی خوب تعریفیں بھی کیں اور کہا کہ انہوں تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں خوب اچھے طریقے سے نبھائی تھیں۔
مزیدخبریں