چیئرمین نیب کا استعفیٰ فاشسٹ نظام کے ٹوٹنے کی طرف بڑا قدم ہے
08:11 AM, 21 Feb, 2023
لاہور: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مرکزی رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب کا استعفیٰ فاشسٹ نظام کے ٹوٹنے کی طرف بڑا قدم ہے ۔ تفصیلات کے مطابق فواد چودھری نے کہا ہے کہ آفتاب سلطان نے اپنے کام میں "مداخلت" کے خلاف استعفیٰ دیا ہے ، چیف الیکشن کمشنر کے لئے چیئرمین نیب کے استعفیٰ میں بڑا پیغام ہے ، میں ان 22 افسران کو جن کو پنجاب میں مداخلت کرنے کے لئے لگایا گیا ہے کہتا ہوں کہ وہ بھی خود کو اس نظام سے علیحدہ کریں، یہ ملک اور بیوروکریسی دونوں کے ہی مفاد میں ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کا استعفیٰ پاکستان تحریک انصاف کے مؤقف کی واضح توثیق ہے، روزِ اول سے ہی کہہ رہے ہیں کہ نظامِ احتساب کی تباہی این آر او دیکر لائے گئے مجرموں کا کلیدی ہدف ہے ، ان مجرموں نے سازش سے اقتدار ملتے ہی سب سے پہلے نیب کو تباہ کیا تھا ، اپنے 11 سو ارب کی چوری بچانے لے لئے انہوں نے نیب قانون میں نہایت ہی شرمناک ترامیم کیں ۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے مزید کہا کہ لازم ہے کہ ریاستی ادارے مجرموں کے اشاروں پر کھیلنے کی بجائے آئین و قانون کی بالادستی کی راہ اختیار کریں، کٹھ پتلی راج انشاءاللہ جلد ہی انجام کو پہنچے گا، ریاست اور عوام کو آگے بڑھنا ہے ۔