پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی فوری تبدیلی کا مطالبہ

10:27 AM, 21 Feb, 2023

احمد علی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کر دیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہیپ ملک عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو تحریری مراسلہ بجھوا دیا ہے۔ ملک عامر ڈوگر نے مراسلے میں کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی فوری طور پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے عمل کا آغاز کریں، لاہور ہائی کورٹ نے 20فروری کے حکم نامے میں تحریک انصاف کے اراکین کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے آپ کے فیصلے کو معطل کر دیا ہے، ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف ایوان میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت ہے، اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ہونے کے ناطے قائد حزب اختلاف تحریک انصاف کا استحقاق ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چیئر مین تحریک انصاف کی ہدایات پر اس مراسلے کے ذریعے میں آپ سے قائد حزب اختلاف کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کر رہا ہوں،اسپیکر صاحب نیب قانون کے مطابق چئیرمین نیب کی تقرری قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کے مابین مشاورت سے کی جاتی ہے،چیئرمین نیب کے استعفے کے بعد نئی تقرری پاکستان تحریک انصاف کے نئے قائد حزب اختلاف کے ساتھ مشاورت ہی سے ممکن ہے۔
مزیدخبریں