عوام کا شکریہ ، بھر پور عزم سےنئے سفر کا آغاز کرینگے ، مریم نواز

03:57 PM, 21 Feb, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان خاص طور پر پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے قائد جناب محمد نواز شریف کو مینڈیٹ دیا ہے۔

 نامزد وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پارلیمانی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خاص طور پر پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے قائد جناب محمد نواز شریف کو مینڈیٹ دیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو سب سے بڑی جماعت کے طور پر الیکشن میں کامیاب کیا۔ ان شا ء اللہ عوام کی خدمت کو اپنی روشن روایت کو قائم رکھتے ہوئے ایک نئے جذبے‘ عزم اور خلوص کے ساتھ خدمت کے ایک نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام قیادت‘ جماعت اور آپ سب خواتین و حضرات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں کہ آپ نے مجھے یہ عزت بخشی اور یہ اعتماد دیا۔ آپ سب کا اعتماد اور حمایت میرا اصل اثاثہ ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے اور پوری کوشش ہو گی کہ میں آپ سب اور عوام کے اعتماد پر پورا اتروں۔ اللہ تعالیٰ مجھے اپنی مخلوق کی بہترین انداز میں خدمت کی توفیق‘ ہمت اور رہنمائی عطافرمائے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کا اعزاز ملا ہے۔ میں یہ اعزاز پاکستان کی ہر ماں‘ ہر بہن‘ ہر بیٹی اور ہر بچی کے نام کرتی ہوں۔یہ ایک خاتون‘ ایک بیٹی کو عزت دی گئی ہے۔ 

اس کے علاوہ انہوں نے پارٹی قائد جناب محمد نوازشریف‘ پارٹی صدر جناب شہباز شریف اور جماعت کے تمام اکابرین کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قائد جناب نوازشریف اور صدر جناب شہبازشریف کے زیرِ سایہ‘ اُن کی رہنمائی اور تجربے کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ اُن کی پنجاب کو ترقی دینے کی سوچ پر عمل کریں گے۔

مزیدخبریں