(ویب ڈیسک ) نامزد وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام نے ن لیگ کو واضح مینڈیٹ دیا، پنجاب میں نئے دور کا آغاز ہوگا، خدمت کے نئے ریکارڈ بنائیں گے، پنجاب کے ساڑھے 12کروڑ عوام ہماری ذمہ داری ہیں۔
نامز د وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ کامیاب ہوکر پنجاب اسمبلی پہنچے اس پر مبارک باد دیتی ہوں۔ ن لیگ میں نئے آنے والے ایم پی ایز کو دلی کی گہرائی سے خوش آمدید کہتی ہوں۔
مریم نواز نے کہا کہ الیکشن بہت مشکل تھا لیکن پنجاب کے عوام نے مسلم لیگ ن کا واضح مینڈیٹ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی ترقی کی بنیاد نواز شریف نے 80ء کے عشرے میں رکھی، شہباز شریف کے دور حکومت میں پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب میں نئے دور کا آغاز ہوگا، خدمت کے نئے ریکارڈ بنائیں گے، پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کا اعزاز ملا ہے، نئے جذبے، عزم اور خلوص سے نئے سفر کا آغاز کریں گی۔
نامز دوزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ چیلنجز زیادہ ہیں ، 5 سال کم ہیں، 5 سال میں 5 آئی ٹی سٹیز بنائیں گے،نوجوانوں کو بلادوس قرضے دیں گے۔ پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے سکول چلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے 1 لاکھ گھر بنائیں گے،سیف سٹی پراجیکٹ کو ہر شہر میں لے کر جانا ہے، میرج ، ڈیتھ اور کار سرٹریفکیٹ گھر کی دہلیز پر ملیں گے۔