پریانتھا کمارا کو قتل کرنے والوں کا پتا چل گیا
04:06 AM, 21 Jan, 2022
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب پولیس نے سری لنکا کے آنجہانی شہری پریانتھا کمارا کو قتل کرنے والے اصل ملزمان کا تعین کر لیا ہے۔ ملزم عمران اور حمیر نے مقتول پر قینچی سے وار کئے، ملزم تیمورنے اینٹ ماری جبکہ ملزم علی اصغر نے لاش کو آگ لگائی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزم شہریار اور بلال نے فیکٹری کا مین گیٹ توڑ کر مشتعل ہجوم کو اندر بلایا جبکہ ملزم عبدالصبور بٹ نے ملازمین کو پریانتھا کمارا پر حملے پر اکسایا تھا۔ تمام ملزمان نے دوران تفتیش اپنے کا اعتراف کر لیا، اس کے بعد ان تمام کے بیانات ریکارڈ کرکے تحقیقات کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ پریانتھا کمارا پر حملے میں استعمال ہونے والی دونوں قینچیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ برس 3 دسمبر کو سیالکوٹ کی ایک فیکٹری کے سری لنکن مینجر پریانتھا کمارا پر ملازمین نے مذہبی پوسٹر پھاڑنے کا الزام لگاتے ہوئے ان پر حملہ کر دیا تھا۔ آنجہانی پریانتھا کمارا مشتعل ہجوم سے اپنی جان بچانے کیلئے فیکٹری کی چھت پر بھاگے لیکن فیکٹری ملازمین کے سر پر خون سوار تھا، انہوں نے بار بار معافی مانگنے پر بھی انھیں نہ بخشا اور بقول ان ورکرز کے سری لنکن شہری کو ‘جہنم واصل’ کردیا۔ اس خونی کھیل کو فیکٹری کی حفاظت پر مامور گارڈز تک روکنے میں ناکام رہے۔ فیکٹری ملازمین پریانتھا کمارا پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے انھیں نیچے لائے اور جان سے مار دیا۔ اس کے بعد لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے جا کر اسے آگ لگا دی۔