پی ٹی اے نے ٹک ٹاک پر پابندی لگا دی
08:12 AM, 21 Jul, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) پاکستان بھر میں غیر مناسب مواد کی وجہ سے شارٹ ویڈیو ایپ ٹک ٹاک پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس پلیٹ فارم پر نامناسب مواد موجود ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی طرف سے جاری کئے جانیوالے اعلامیہ کے مطابق پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016 کے تحت ملک بھر میں مشہور زمانہ شارٹ ویڈیو ایپ ٹک ٹاک اور اس کی ویب سائٹ کو بلاک کر دیا گیا ہے، اس پلیٹ فارم پر نامناسب مواد کی موجودگی اور مسلسل اپ لوڈنگ اس کی وجہ بتائی گئی ہے۔ اس سے قبل پشاور ہائیکورٹ کی طرف سے مارچ کے مہینہ میں ٹک ٹاک ایپ پر پابندی عائد کی گئی تھی اور ساتھ معزز عدالت کی طرف سے یہ ریمارکس دئیے گئے تھے اس پلیٹ فارم پر موجود ویڈیو ہماری معاشرتی اقدار کیلئے مناسب نہیں ہیں اور ان سے معاشرے میں بے راہ روی پھیل رہی ہے۔ اسی طرح رواں برس ہی جون کے مہینہ میں بھی سندھ ہائیکورٹ کی طرف سے غیرمناسب مواد کی وجہ سے ٹاک ٹاک پر پابندی لگائی گئی تھی، معزز عدالت کی طرف سے پی ٹی اے کو اس معاملے پر فوری طور پر ایکشن لینے کا حکم دیا گیا تھا۔