سیاسی شخصیات کیجانب سے قوم کو عید مبارک

01:19 PM, 21 Jul, 2021

شازیہ بشیر
لاہور ( پبلک نیوز) سیاسی شخصیات نے عید الضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام پیغامات جاری کئے ہیں۔ سینئر وزیر پنجا ب عبدالعلیم خان نے عید الضحیٰ کے موقع پر قوم کے نام مبارکباد کا پیغام دیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ عید پر ہمیں وسائل سے محروم لوگوں کو خوشیوں میں شامل کرنا چاہیے۔ یہ عید کورونا کے تناظر میں ہم سب سے احتیاط کا بھی تقاضا کرتی ہے۔ عید الضحیٰ پر ہم سب کو وسائل کے مطابق دوسروں کو بھی شریک کرنا چاہیے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے عید الاضحٰی کے موقع پہ قوم کو مبارکباد کا ویڈیو پیغام جاری کیا ہے انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہداء کی عظمت کو سلام پیش کیا،ان کا کہنا تھا کہ آزادی کیلئے قربانی دینے والے کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کونہیں بھول سکتے۔ زندگی کے آخری لمحے تک کشمیری اور فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم سب کو عہد کر نا ہے ہم نے ملکر پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نجات دلانی ہے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ایس اوپیز پر مکمل عمل کر نا ہوگا۔ اورسیز پاکستانیوں سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں۔ عوام اپنی خوشیوں میں غریب، مستحق اور بے سہار ا لوگوں کو بھی ضرور شامل کریں۔ گور نر پنجاب نے کورونا کے خلاف فر نٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹر ز اور طبی عملے کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکستانی قوم کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی اور کہا کہ عید الاضحی قربانی، ایثار اورخوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے۔ ہمارا خلاقی،قومی اور دینی فریضہ ہے کہ ہم عید پر محروم طبقے کے ساتھ خوشیاں بانٹیں۔ خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارااوریتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا پیغام ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عیدالضحی کے موقع پر پیغام دیا ہے انہوں نے کہا کہ میری طرف سے پوری قوم اور امت مسلمہ کو عید کی ڈھیروں خوشیاں مبارک۔ عیدالضحی صبر, ایثار, قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔ عیدالضحی خوشنودی خدا کیلئے سب کچھ قربان کرنے کا پیغام لیکر آتی ہے۔ اسوہ عید قرباں پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتے ہیں۔ عید کی خوشیاں ضرور منائیں مگر احتیاط کیساتھ۔ عید کے خوشیوں بھرے لمحات میں کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر اپنائیں۔ صدر عارف علوی نے عید الاضحٰی کے موقع پر قوم کے نام پیغام دیا ہے انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ دعا ہے کہ یہ بابرکت موقع پورے عالم اسلام اور پاکستان کیلئے خوشیوں کا باعث بنے۔ عید الاضحیٰ حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل کے ایثار و قربانی ، اطاعت و فرمانبرداری کی یاد تازہ کرتی ہے۔ اللہ تعالی اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزماتا ہے۔ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا ، قربانی کے لیے تیار رہنا کامیابی کی کنجی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے عیدالاضحی کے موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں خاص طور پاکستانی بہنوں بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے خوشی کے اس موقع پر ان بھائیوں اور بہنوں کو شامل کیا جن کی امداد کیلئے اللہ پاک نے احکامات دے رکھے ہیں ۔ سابق صدر نے کہا آج کا دن ہمیں ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے، آصف زرداری نے کہا کہ آج کشمیر اور اسرائیل میں مسلمان مشکلات اور جبر کا سامنا کر رہے ہیں، سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں اس سوچ کی مزاحمت کرنے کی ضرورت ہے جو سوچ عدم برداشت اور دوسروں پر اپنی مرضی مسلط کرنے کی سوچ ہے ، انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے ہمیشہ شدت پسندوں کی مزاحمت کی ہے اور کرتی رہے گی، آصف علی زرداری نے کہا ایک مہذب معاشرہ قائم کرنے کیلئے ضروری ہے صبر ، برداشت اور درگزر کرنے کے اصول اپنانے ہونگے ۔ مشعال ملک نے کہا ہے کہ تمام مسلمانوں کو عیدالاضحٰی مبارک ہو۔ ہندوستانی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں قربانی پر پاپندی عائد کر رکھی ہے۔ مسجدوں کو تالے لگا دیے گئے ہیں۔ کشمیریوں کو نماز عید پڑھنے کی اجازت نہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مساجد کو شہید کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ مسجدوں کو شہید کر کے بھارتی حکومت مندر تعمیر کرنا چاہتی ہے۔بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث چودہ عیدیں یاسین ملک کے بغیر گزار دی۔ ہندوستان نے مجھ سمیت تمام کشمیریوں کی خوشیاں چھین رکھی ہیں۔
مزیدخبریں