مونس الہی ، پرویز الہی کا آصف زرداری سے ملاقات سے انکار
06:15 PM, 21 Jul, 2022
لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری ملاقات کیلئے چودھری شجاعت کی رہائشگاہ پہنچے تو پرویزالہٰی اور مونس الہٰی گھر سے چلے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کے امیدوار پرویزالہٰی اور مونس الہٰی نے سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات سے انکار کردیا ہے۔ سابق صدر آصف زرداری ایک دن میں دوسری بار چودھری شجاعت سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچے ، آصف زرداری کی آمد کا سن کر پرویزالہٰی اور مونس الہٰی گھر سے چلے گئے۔ خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے وزارت اعلی پنجاب کیلئے مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا دوبارہ انتخاب کل پنجاب اسمبلی میں ہوگا۔مسلم لیگ ن کی جانب سے حمزہ شہباز اور پی ٹی آئی و ق لیگ کے متفقہ امیدوار پرویز الہیٰ ہیں۔