اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ: پاکستان اے ، سری لنکا اے کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا
06:59 PM, 21 Jul, 2023
اے سی سی ایمرجنگ ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اے نے سری لنکا اے کو 60 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ اوول کولمبو میں کھیلے گئے ایمرجنگ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اے کے کپتان محمد حارث نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان اے نے مقررہ 50 اوورز میں 322 رنز بنائے، عمیر یوسف نے 79 بالوں پر 88 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ کپتان محمد حارث 52 اور مبصر خان 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، طیب طاہر 26، محمد وسیم 24 اور اوپنر سائم ایوب 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا اے کی جانب سے لہیرو سماراکون، پرامود مدوشان اور چمیکا کرونارتنے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔جبکہ ساہان اور ویلالاگے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان اے کے 323 رنز کے بڑے ہدف کے جواب میں سری لنکا اے کی پوری ٹیم 45.4 اوورز میں 262 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکن اوپنر اویشکا فرنینڈو اور ساہان اراچیگے نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، دونوں 97,97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ دیگر کوئی بیٹر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ پاکستان اے کے باؤلر ارشد اقبال نے 37 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، انہیں اس پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ مبصر خان اور سفیان مقیم نے دو دو جبکہ عماد بٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس طرح پاکستان اے سری لنکا کو سیمی فائنل میچ میں 60 رنز سے شکست دے کر ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ ایمرجنگ کپ کا فائنل23 جولائی اتوار کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔