ویب ڈیسک: پاکستانی دفتر خارجہ نے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ہفتے کو اپنے قونصل خانے پر حملے اور جرمن حکام کی طرف سے مشن کے احاطے کے تقدس اور سلامتی کے تحفظ میں ناکامی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ویانا کنوینشن برائے قونصلر تعلقات، 1963 کے تحت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قونصلر احاطے کی تقدس کی حفاظت کرے اور سفارت کاروں کی سلامتی کو یقینی بنائے۔‘
دفتر خارجہ کے بیان میں کیا گیا ہے کہ ’کل کے واقعے میں، فرینکفرٹ میں پاکستان کے قونصل خانے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا گیا، جس سے اس کے قونصل عملے کی جان کو خطرہ لاحق ہوا۔ ہم جرمن حکومت کو اپنے شدید احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں۔‘
پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’ہم جرمن حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ ویانا کنوینشنز کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور جرمنی میں پاکستانی سفارتی مشنز اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
’ہم جرمن حکام پر بھی زور دیتے ہیں کہ وہ کل کے واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کریں، ان کے خلاف کارروائی کریں اور سکیورٹی کی خامیوں کے ذمہ دار افراد کو بھی جوابدہ ٹھہرائیں۔‘