کیا شہزادی لطیفہ کو دبئی کے شیخ راشد المختوم نے آزاد کر دیا ؟

11:55 AM, 21 Jun, 2021

اویس
میڈرڈ ( ویب ڈیسک ) دبئی کے شیخ محمد بن راشد المختوم کی صاحبزادی شہزادی لطیفہ اب آزادانہ زندگی گزار رہی ہے اور کیا ان کے اپنے خاندان کے ساتھ معاملات طے پا چکے ہیں ٗ ایسی خبروں کو اس وقت تقویت ملی ہے جب وہ سپین میں چھٹیاں گزارتی نظر آئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق دبئی کی شہزادی لطیفہ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں وہ ایک دوست کے ہمراہ میڈرڈ ایئر پورٹ پر ہاتھ میں پاسپورٹ تھامے نظر آرہی ہیں ٗ ایک تصویر برطانوی نیوی کی سابقہ افسر ٹیلر نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر شیئر کی ہے ٗ جو ان دنوں ہر جگہ شہزادی لطیفہ کے ساتھ نظر آرہی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ وہ ان کی تیراکی کی استاد بھی ہیں۔ٹیلر نے تصویر کے ساتھ لکھا کہ وہ شہزادی لطیفہ کے ساتھ یورپ کی چھٹیوں پر ہیں جہاں پر وہ نت نئے تفریح کے طریقے تلاش کر رہے ہیں اور بہت لطف اندوز ہو رہی ہیں۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی ٹیلر نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر دبئی کے ہی ایک شاپنگ مال میں شہزادی لطیفہ کے ساتھ تصویر شیئر کی تھی۔ شہزادی لطیفہ کی اپنی استاد کے ساتھ اکثر ایسی تصاویر سامنے آنے کے باوجود مغربی میڈیا پر یہ سوالات گردش کر رہے ہیں کہ اگر شہزادی لطیفہ کو ان کے والد کی طرف سے زندگی گزارنے کی اجازت مل چکی ہے تو وہ اکیلی کہیں پر کیوں نظر نہیں آتی ۔یاد رہے کہ شہزادی لطیفہ نے الزام لگایا تھا کہ ان کے والد نے انہیں حبس بے جا میں رکھا ہے اور انہوں نے کئی بار فرار ہونے کی کوشش کی لیکن انہیں ہر بار واپس قید میں رکھا جاتا ہے۔
مزیدخبریں