’وزیر اعظم نے قومی معاملات پر دو ٹوک مؤقف اختیار کیا‘

12:30 PM, 21 Jun, 2021

شازیہ بشیر

اسلام آباد ( پبلک نیوز) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قومی معاملات پر واضح رائے کا اظہار کر کے اُن کا درست حل پیش کیا ہے جس سے ایک مرتبہ پھر حقیقت پسندانہ اور دوٹوک موقف سامنے آیا جسے ہر فورم پر سراہا جا رہا ہے۔

عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کے امریکی ٹی وی چینل کو دیے جانے والے انٹر ویو پر اپنے ٹوئٹ میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان میں ایک امن پسند ملک ہے جو اپنی قومی اور عالمی ذمہ داریوں سے بھی بخوبی آگاہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا ہمیشہ سے ہی یہ موقف رہا ہے کہ ہمیں کسی پرائی جنگ میں شریک نہیں ہونا چاہیے، اسی طرح انہوں نے افغانستان کے بارے میں بھی ہمیشہ جس رائے کا اظہار کیا آج دنیا اُس کی معترف دکھائی دیتی ہے۔

عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ 3 برسوں میں بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام امور کو بہتر طور پر اجاگر کیا جس سے پاکستان کا اب نیا اور مثبت تشخص سامنے آ رہا ہے۔وزیر اعظم عمران خا ن کی گفتگو سے ایک مرتبہ پھر ثابت ہو گیا ہے کہ موجود ہ حکومت قومی خود مختاری کے تحفظ کی بہتر اہلیت رکھتی ہے۔ بلا شبہ انہوں نے دو ٹوک اور حقیقت پسندانہ موقف اختیار کر کے ساری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور اسی لیے اُن کی یہ گفتگو آج کل بین الاقوامی میڈیا کی بھی زینت بنی ہوئی ہے۔

سینئر وزیر نے کہا کہ ہمسائیہ ممالک میں امن و استحکام ہی خطے کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہو سکتا ہے اورعمران خان بھارت اورا فغانستان میں ایسے حالات کے خواہاں ہیں جن سے پائی جانے والی کشیدگی کا خاتمہ ہو سکے۔

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے اس انٹر ویو سے وزیر اعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں کی گئی تقریر کی یاد تاز ہ ہوگئی ہے جو ملک و قوم کیلئے ہر لحاظ سے خوش آئند ہے۔

مزیدخبریں