تیز بارش میں فٹ پاتھ پر آن لائن کلاس، باپ بیٹی کی تصویر وائرل
06:30 PM, 21 Jun, 2021
ویب ڈیسک: کورونا وائرس کی وجہ سے اگر کوئی فیلڈ سب سے متاثر ہوئی ہے تو وہ صحت ہے جس کے بعد دوسرا نمبر تعلیم کا آتا ہے۔ عالمی وبا نے نظام تعلیم کو یکسر بدل کے رکھ دیا۔ آن لائن سسٹم کے تحت کلاسوں کا طریقہ متعارف کرایا گیا۔ اس کی وجہ سے طلبہ و طالبات سمیت ان کے والدین کو بھی کئی مشکلات کا سامنا ہوا۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ایک تصویر کافی وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک باپ کو دیکھا جا سکتا ہے جو اپنی بیٹی کو آن لائن کلاس میں مدد فراہم کر رہا ہے۔ اس میں اہم اور خاص بات یہ ہے کہ باپ اور بیٹی بیچ رستے میں موجود ہیں، زور کی بارش ہو رہی ہے اور اپنا سفر روک کر آن لائن کلاس لے رہے ہیں۔یہ واقعہ بھارتی ریاست کرناٹکا کا ہے۔ سوشل میڈیا صارف نے ٹوئٹر پر یہ تصویر شیئر کی ہے۔ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیٹی فٹ پاتھ پر تیز بارش میں کلاس لے رہی ہے اور اس کا باپ بارش سے بچاؤ کے لیے اوپر چھترے تانے کھڑا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بالا گاؤں میں انٹرنیٹ کی سہولت نہیں ہے۔ جس کا انکشاف طالبہ نے کیا۔ طالبہ کا کہنا ہے کہ کلاس لینے کی غرض سے گاؤں کے باہر جانا مجبوری ہے۔ ایک اور سٹوڈنٹ کا کہنا ہے کہ بی اے کا طالب علم ہوں، گاؤں میں انٹرنیٹ نہیں، اس لیے کلاس لینے تقریباً نہ ممکن ہوتا ہے۔