خیبر پختونخوا:بیٹا باپ کے خلاف تھانے پہنچ گیا

12:05 PM, 21 Jun, 2022

احمد علی
خیبر پختونخوا میں شادی نہ کرانے پر بیٹا باپ کے خلاف تھانے جا پہنچا۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو سے تعلق رکھنے والا 28 سال کا محمود اللہ قریبی تھانے گیا جہاں پر اس نے ضلعی پولیس افسر کو درخواست دی کہ اس کی شادی کرائی جائے کیونکہ اس کے والدین اس کی شادی کے لیے رضامند نہیں ہو رہے ہیں۔ محمود اللہ کا درخواست میں کہنا تھا کہ ’میں ایک ٹیوب ویل آپریٹر ہوں اور اب نکاح کرنا چاہتا ہوں، میں اس عمر میں گناہوں سے بچنا چاہتا ہوں، میرے والدین کو میری کوئی فکر نہیں ہے نہ ہی وہ میرے لیے رشتہ دیکھ رہے ہیں‘۔ پولیس نے محمود اللہ کے والد معین گل کو جواب دینے کے لیے طلب کیا تو ان کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا غیر ذمہ دار ہے، ایسے کون سا باپ اپنی بیٹی میرے بیٹے کے حوالے کرے گا؟ والد نے مزید بتایا کہ محمود اللہ مختلف حربوں سے پریشان کرتا ہے، دوستوں کے ساتھ مل کر مجھ سے رقم لے لیتا ہے اور پھر خرچ کر دیتا ہے اور ایک مرتبہ اس نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر اغوا کا ڈرامہ راچایا تھا اور ایک مرتبہ گرفتار بھی ہوگیا تھا۔ پولیس نے دونوں باپ بیٹے کو تھانے بلا کر اپنے معاملات سیٹ کرنے کا کہا ہے۔ پولیس کے مطابق معین گل نے اس بات پر رضامندی کا اظہار کیا ہے کہ اگر ان کا بیٹا محمود اللہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گا تو وہ ایک ماہ کے اندر ، اندر اس کے شادی کرانے کو تیار ہے۔
مزیدخبریں