پنجاب بھر میں ایک مرتبہ پھر دفعہ 144 نافذ،اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

10:49 AM, 21 Jun, 2024

ویب ڈیسک: پنجاب بھر میں دفعہ 144 کا ایک مرتبہ پھر نفاذ کردیا گیا ہے۔ جس کے بعد محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر میں جلسے، جلوس، ریلیوں، دھرنوں اور احتجاج پر پابندی لگا دی ہے۔دوسری جانب پنجاب حکومت کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں 7 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ داخلہ پنجاب کے مطابق امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی۔ پابندی کا اطلاق دہشت گردی کے خطرات کے پیشِ نظر کیا گیا۔

خطرات کے پیش نظر عوامی ہجوم دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔ عوامی مفاد میں دفعہ 144 کا نفاذ صوبہ بھر میں جمعرات 27 جون تک کیا گیا ہے۔

پنجاب بھر میں انتظامیہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔

دفعہ 144 کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج:

پنجاب میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔ متفرق درخواست ملک نجی اللہ نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی۔  

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے ریلیز اور جلسے روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی۔ دفعہ 144 لگا کر شہریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کیا جارہا ہے۔ 

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کا نفاذ کالعدم قرار دے۔ عدالت فوری پنجاب حکومت کے دفعہ 144 کے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کا حکم دے۔

مزیدخبریں