پنجاب بھر کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں،نرسوں کی ہڑتال،مریض رل گئے

11:09 AM, 21 Jun, 2024

ویب ڈیسک: ساہیوال ٹیچنگ اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد ڈاکٹروں کی گرفتاری کیخلاف سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری ہے۔ ڈاکٹروں نے پنجاب بھر کے سرکاری اسپتالوں میں اوپی ڈیز بند کررکھی ہیں۔ جس کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

فیصل آباد میں ڈاکٹروں کی ہڑتال:

ساہیوال آتشزدگی واقعے میں ڈاکٹرز کی گرفتاریاں کے خلاف ہڑتال کی جا رہی ہے۔ الائیڈ اسپتال ون ، ٹو ، چلڈرن اسپتال، جنرل اسپتال غلام محمد آباد اور سمن آباد میں ینگ ڈاکٹرز نے او پی ڈیز میں سروسز کا بائیکاٹ کردیا۔  

ڈاکٹرز کی ہڑتال سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

فیصل آباد میں نرسوں کی ہڑتال

خانیوال میں نرس کی گرفتاری کے خلاف الائیڈ اسپتال ون کی او پی ڈی میں نرسز کا احتجاج جاری ہے۔ جس کے بعد نرسز نے بھی سروسز کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ 

نرسوں نے دوران احتجاج خانیوال کے سرکاری اسپتال کی نرس اقصیٰ کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

لاہور میں ڈاکٹروں کا احتجاج: 

ساہیوال ٹیچنگ اسپتال میں طبی عملے کی گرفتاری کیخلاف لاہور کے سرکاری اسپتالوں کے آؤٹ ڈور وارڈز میں ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری ہے۔ 

میو اسپتال، جنرل اسپتال، سروسز اسپتال کی او پی ڈیز بند کردی گئی ہیں۔ جناح اسپتال، چلڈرن اسپتال، گنگارام اسپتال کی او پی ڈی میں بھی ہڑتال جاری ہے۔ 

صدر ینگ ڈاکٹرز شعیب نیازی نے واضح کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

لاہور میں نرسز کی ہڑتال:

لاہور کے اسپتالوں میں نرسز بھی سراپا احتجاج ہیں۔ نرسز نے آؤٹ ڈور وارڈزکے ساتھ انڈور میں بھی کام بند کردیا ہے۔ 

نرسز کی جانب سے اسپتالوں میں احتجاج کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی ہے۔ 

انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز، سیکریٹری صحت سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ نرسوں نے اپنے مطالبے میں کہا ہے کہ ساہیوال کے ڈی پی او، ڈی سی کو معطل کیا جائے اور معطل ڈاکٹرز کی بحالی، نرس اقصی کو بازیاب کیا جائے۔

رینالہ خورد میں بھی ڈاکٹروں اور نرسز کی ہڑتال:

ساہیوال اور خانیوال میں ڈاکٹروں اور نرسز کے خلاف کارروائی کے سلسلہ میں ٹی ایچ کیو رینالہ میں ہڑتال جاری ہے۔ ہسپتال میں آج ہڑتال کا دوسرا روز جاری ہے۔  ڈاکٹروں نے اوپی ڈی کو مکمل طور پر بند کردیا۔ جس سے مریض پریشان ہیں۔ 

او پی ڈی بند ہونے سے دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کو علاج معالجہ کروانے میں دشواری کا سامنا ہے۔ 

مریضوں کے لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور سیکرٹری ہیلتھ  سے مطالبہ کیا ہے کہ او پی ڈی کو فوری بحال کیا جائے۔

مزیدخبریں