شہبازگل کے بھائی کوبازیاب کرکے پیش کرنے کاحکم

12:13 PM, 21 Jun, 2024

سلیمان اعوان

ویب ڈیسک:(سلیمان اعوان) لاہورہائیکورٹ نے شہبازگل کے بھائی کی بازیابی کی درخواست پرآئندہ سماعت میں مغوی کو بازیاب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 27جون تک ملتوی کردی۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ  میں شہباز گل کے بھائی کی بازیابی کی درخواست پر سماعت  ہوئی۔عدالت میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور پیش ہوئے۔عدالت میں ایڈشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب جواد یقوب پیش ہوئے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیاپولیس مغوی کی بازیابی کے لیے کوشش کر رہی ہے،سی ڈی آر ملنے پر مغوی کے بارے معلوم ہو سکتا ہے۔

سرکاری وکیل  نے کہا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔جمیل سب انسپکٹر تفتیش کر رہا ہے،موبائل کمپنیوں نے فوکل پرسن مقرر کر رکھے ہیں،ان کمپنیوں سے سی ڈی آر کے لیے کوشش کر رہے ہیں،خیابان امین  انکی رہائش گاہ پر پولیس نے کیمرے چیک کیے مگر وقت نہیں آرہا ۔

عدالت نے ریمارک دیئے کہ عدالت کے حکم پر سی ڈی آر کیوں نہیں دی جا رہی ؟۔

عدالت میں سی سی پی او لاہور  کی طرف سے رپورٹ پیش کر دی گئی۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے نشاہدہی پر تمام راستے اور گاڑیوں کو چیک کیا،موٹر وے پولیس سے بھی معلوم کیا مگر کوئی پراگرس نہیں۔موبائل کمپنیاں سی ڈی آر نہیں دے رہیں۔ مغوی کی بازیابی کے لیے  اخبارات میں اشتہار دیے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ موبائل کمپنیوں نے عدالت کے آرڈر کا مذاق بنا دیا ہے،عدالت تعین ہونے پر پولیس ذمہ داروں یا موبائل کمپنیوں کے خلاف پرچہ درج کرنے کا حکم دے گی،پولیس افسران کو علم نہ رکھنے اور غفلت برتنے پر معطل کیا۔

عدالت میں ایس پی آپرشن ماڈل ٹاؤن  لاہور پیش ہوگئے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سی سی ٹی وی دیکھنے والوں کے نام بتائیں۔عدالت طلب کرے گی۔

پولیس نے کہا کہ سیکورٹی اور حساس اداروں کے افسران نے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدالت مغوی کی بازیابی کے لیے  سینئر پولیس افسران کی تقرری کا حکم دے۔

وکیل میاں احسان نے کہا کہ شہباز گل کے بھائی غلام شبیر کو اسلام آباد جاتے ہوئے پولیس نے حراست میں لیا۔

وکیل مدعی  نے کہا کہ پولیس غلام شبیر کے متعلق کچھ نہیں بتا رہی،شہباز گل کے بھائی کی جان کو خطرہ ہے عدالت بازیاب کروانے کا حکم دے۔

عدالت نے اگلی سماعت پر   مغوی کو بازیاب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

عدالت نے جاز اور یوفون کمپنیوں کو پولیس کو سی ڈی آر فراہم کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے درخواست پر سماعت 27جون تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں